بجلی چوری کے خلاف 8 ہزار ایف آئی آر کا اندراج کیا ہے‘ وزیر توانائی عمر ایوب خان کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

بدھ 12 دسمبر 2018 15:38

بجلی چوری کے خلاف 8 ہزار ایف آئی آر کا اندراج کیا ہے‘ وزیر توانائی عمر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف 8 ہزار ایف آئی آر کا اندراج کیا ہے‘ پہاڑی علاقوں میں ایک ایک فیڈر کی لمبائی 100 کلومیٹر سے بھی زیادہ ہے جبکہ یہ 15 سے 20 کلومیٹر تک ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نواب یوسف تالپور کے ضمنی سوال کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ حیسکو‘ پیسکو‘ ٹیسکو‘ میپکو اور دیگر کمپنیوں میں پورے پورے گینگ بجلی چوری میں ملوث ہیں۔

ہم نے آٹھ ہزار ایف آئی آر کاٹی ہیں۔ ایک فیڈر کی لمبائی 15 سے 20 کلو میٹر ہونی چاہیے۔ پہاڑی علاقوں میں ایک ایک فیڈر کی لمبائی 100 کلومیٹر سے زائد ہے۔ گزشتہ حکومت نے اربوں روپے کا سرکلر ڈیٹ چھوڑا ہے۔ لائن لاسز پر کام نہیں ہوا۔ ٹرانسمیشن لائن کی بہتری پر توجہ نہیں دی گئی۔بدانتظامی کی ایک داستان ہے جس کا خمیازہ ادارہ اور پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت ہے کہ غریبوں کا خاص خیال رکھیں۔