موٹروے کا فیصل آباد‘ ملتان اور عبدالحکیم سیکشن جلد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا‘ وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی میں توجہ مبذول نوٹس کا جواب

بدھ 12 دسمبر 2018 15:43

موٹروے کا فیصل آباد‘ ملتان اور عبدالحکیم سیکشن جلد ٹریفک کے لئے کھول ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موٹروے کا فیصل آباد‘ ملتان اور عبدالحکیم سیکشن جلد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا‘ 250 اہلکاروں کی تعیناتیاں بھی جلد کردی جائیں گی‘ موٹروے پر ریسٹ ایریا میں مہنگے داموں اشیاء کی فروخت کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے نوٹس میں یہ معاملہ لایا جائے گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں ملک محمد عامر ڈوگر کے ایم ون اسلام آباد پشاور موٹروے پر معیاری سروس سنٹرز کی سہولت میسر نہ ہونے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس معاملے کا ہم نے جائزہ لیا ہے۔ ایم ون پر مسجد اور واش رومز بنانے کے لئے بولیاں آچکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد‘ ملتان موٹروے پر موٹروے پولیس کے 295 اہلکار جلد تعینات کردیئے جائیں گے اور جلد ہی فیصل آباد ملتان اور عبدالحکیم سیکشن کو ٹریفک کے لئے جلد کھول دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت مراد سعید نے کہا کہ موٹروے پر مہنگے داموں اشیاء فروخت کی جاتی ہیں۔ ہم نے اس حوالے سے اس معاملے پر متعلقہ صوبائی حکومتوں سے بات کی ہے۔ جس متعلقہ ضلع میں ریسٹ ایریا ہوگا ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو مانیٹر کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔