انیل کمبلے کا اننگز میں 10وکٹیں لینے کا ریکارڈ برابر ہوگیا

نوجوان بھارتی فاسٹ باﺅلرراجکمار سنگھ نے عظیم لیگ سپنر کاریکارڈ برابر کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 دسمبر 2018 15:49

انیل کمبلے کا اننگز میں 10وکٹیں لینے کا ریکارڈ برابر ہوگیا
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12دسمبر2018ء) نوجوان بھارتی فاسٹ باﺅلر نے عظیم لیگ سپنر انیل کمبلے کا ایک اننگز میں تمام 10وکٹیں اپنے نام کرنے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے ۔ منی پور سے تعلق رکھنے والے 18سالہ ریکس راجکمار سنگھ نے کو چ بہار ٹرافی میں محض11رنز دے کر تمام 10وکٹیں اپنے نام کیں ، رواں سال رانجی ٹرافی میں اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کرنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باﺅلر راجکمار سنگھ کے9.5اوورز میں سے6میڈن رہے ۔

(جاری ہے)

رورل ڈویلپمنٹ ٹرسٹ سٹیڈیم، آننتا پور میں جب اروناچل پردیش اور منی پور کی ٹیمیں اس چار روزہ ایونٹ میں آمنے سامنے آئیں ،منی پور نے اروناچل پردیش کی پہلی اننگز کے سکور138رنز کے جواب میں89رنز3وکٹوں کے نقصان پر دن کا آغاز کیا تاہم اس کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم49.1اوورز میں محض122رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی اور یوں اروناچل پردیش کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 16رنز کی برتری حاصل ہوگئی ، اروناچل پردیش کی ٹیم دوسری اننگز میں بڑ ی لیڈ لینے کی سوچ رہی تھی تاہم ریکس راجکمار سنگھ نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اروناچل پردیش کی ٹیم کے کیمپ میں تباہی مچا دی ،انہوں نے 5کھلاڑیوں کو بولڈ،2کو ایل بی ڈبلیو اور وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر کی مدد سے واپس بھیجا جبکہ ایک کھلاڑی کو آﺅٹ فیلڈ میں کیچ آﺅٹ کروایا ، ان کے اس شاندار باﺅلنگ سپیل کی بدولت اروناچل پردیش کی ٹیم18.5اوورز میں محض36رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی،راجکمار سنگھ نے پہلی اننگز میں بھی5شکار کیے تھے اور یوں میچ میں ان کے مجموعی شکاروں کی تعداد15ہوگئی ، ان کی اس شاندار باﺅلنگ کے باعث منی پور کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لیے محض55رنزکا ہدف ملا جو اس نے 7.5اوورز میں کوئی وکٹ کھوئے بغیر حاصل کرلیا۔

 

متعلقہ عنوان :