منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ ،

واپڈا اور یو ایس ایڈ کے مابین منصوبے کے دوسرے عملدرآمدی خط پردستخط دوسرے عملدرآمدی خط پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین اور یو ایس ایڈ کے مِشن لیڈر جیری بسن نے دستخط کئے دوسرے عملدرآمدی خط کے تحت یو ایس ایڈ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے 78 ملین ڈالر گرانٹ دے گا ،گرانٹ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے پیکیج 5 ،6 ،8 اور9 کے مختلف کاموں پرخرچ کی جائے گی پراجیکٹ کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310 میگاواٹ ہو جائے گی

بدھ 12 دسمبر 2018 15:59

منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) واپڈا اور یو ایس ایڈ کے درمیان منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے 78 ملین ڈالر مالیت کے دوسرے عملدرآمدی خط پر دستخط کئے گئے ۔ دوسرے عملدرآمدی خط کے تحت یو ایس ایڈ کی جانب سے دی جانے والی یہ گرانٹ پراجیکٹ کے پیکیج -5-،6 ،8اور 9 کے مختلف کاموں پر خرچ کی جائے گی ۔ 72 ملین ڈالر کے پہلے عملدرآمدی خط پر واپڈا اور یو ایس ایڈ کے مابین 2014ء میں دستخط ہو چکے ہیں ۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین اور یو ایس ایڈ کے مشن لیڈر جیری بسن نے دستخط کئے ۔ ممبر (پاور) واپڈا بھی اِس موقع پر موجود تھے ۔منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد پانی کی اضافی مقدار میسر آنے اور منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن میں بجلی پیدا کرنے کے پرانے آلات کو تبدیل کرنے کے لئے منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام کیاجا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

منصوبے کا منظور شدہ پی سی ۔ون 52 ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے پر مشتمل ہے ۔ یو ایس ایڈ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے 150 ملین ڈالر بطور گرانٹ اور فرانسیسی مالیتی ادارہ اے ایف ڈی 90 ملین یو رو بطور قرض مہیا کر رہے ہیں جبکہ بقیہ رقم کا انتظام واپڈا قرضوں اور اپنے وسائل کے ذریعے کر رہا ہے ۔منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310 میگاواٹ ہو جائے گی ۔

منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 11 مختلف پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے ، جن کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا ۔ پراجیکٹ کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے اِن کی اپ گریڈیشن کی جائی گی ۔ پہلے دو یونٹوں کی اپ گریڈیشن کا کام 2019 ء میں مکمل ہو گا ،جبکہ تمام 10 پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2024 ء تک مکمل ہو جائے گی ۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا پن بجلی کے وسائل کو بھر پور طور پر استعمال میں لانے کے لئے دو جہتی حکمت ِ عملی پر گامزن ہے ، جس کے تحت ملک میں پن بجلی کے نئے منصوبے تعمیرکئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی موجودہ ہائیڈل پاور سٹیشنوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن بھی کی جارہی ہے، تاکہ بجلی کے قومی نظام میں ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی کے تناسب میں اضافہ کیا جاسکے ۔