اسلام آباد،اسلامی یونیورسٹی میں بائیو ڈرگس کے موضوع پر کانفرنس کا اہتمام

بدھ 12 دسمبر 2018 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ بائیولوجیکل سائنسز کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس بدھ کے روز اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں شروع ہوئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے ابتدائی روز بائیو ڈرگس اور نینو تھراپیوٹکس کے انسانی جسم کے لیے فوائد اور اس ضمن میں کاروباری مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکڑ محمد علی تھے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جسم پر ادویہ کے مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ ہر انسان کا جسم اور اس کے افعال دوسرے سے قدرے مختلف ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نینو ٹیکنالوجی کارگر ذریعہ علاج ہے کہ اس کے ذریعے صرف متاثرہ حصے کو درست کیا جاتا ہے جبکہ دیگر دوسرے خلیے اس علاج میں محفوظ رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے قائمقام صدر ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے بھی خطاب کیا اورکہا کہ نینو ٹیکنالوجی ماہرین اور بائیو ڈرگس کے محققین کو مل کر کا م کرنے کے مواقع دیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے اختتام پر عملی سفارشات سامنے آئیں گی۔کانفرنس سے میل اور فیمیل کیمپس کے شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر اسماء گل اور ڈاکٹر ارشد ملک نے بھی خطاب کیا جبکہ کانفرنس کے منتظمین ڈاکٹر ثوبیہ تبسم ، ڈاکٹر محمد عمران بشیر اور عائشہ آفتاب نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا اور اس کے اغراض و مقاصد پر گفتگو کی۔ تقریب میں ڈاکٹر ایاز ڈین فیکلٹی آف بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز بھی شریک ہوئے۔