ریاض:جعلی ڈسکاؤنٹ سیل لگانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری

دو فارمیسز وزارت تجارت کے انسپکٹروں کے نرغے میں آ گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 دسمبر 2018 16:12

ریاض:جعلی ڈسکاؤنٹ سیل لگانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر2018ء ) مملکت بھر میں وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے جعلی ڈسکاؤنٹ سیل کے نام پر عوام کو دھوکا دینے میں مصروف کاروباری مراکز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ ریاض کے علاقے الزلفی میں بھی دو فارمیسز جعلی ڈسکاؤنٹ کا بورڈ لگا کرعوام کو لُوٹ رہی تھیں۔ دونوں فارمیسز کے مالکان سیل کے نام پر اصل نرخوں سے بھی زائد قیمتیں وصول کر رہے تھے۔

جس پر وزارت کی چھاپہ مار ٹیم نے چھاپہ مار کر دونوں فارمیسز کو سِیل کر دیا۔ اور ان کے مالکان کے خلاف مقدمہ عدالت کو منتقل کر دیا۔ عدالت نے دونوں فارمیسی کے مالکان پر جُرم ثابت ہونے کے بعد ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔ جبکہ ان کی دھوکا دہی کے بارے میں مقامی اخباروں میں تشہیر بھی فارمیسی مالکان کے خرچے سے کرائے جانے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

قانونِ تجارت کے مطابق کسی دُکان یا تجارتی مرکز میں نرخوں میں رعایت کے اعلان سے قبل وزارت سے اس کی باقاعدہ اجازت لینا لازمی ہے۔

اس مقصد کے لیے پہلے وزارت کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ میں اصل نرخ ظاہر کرنے کے بعد سیل کے دوران کے رعایتی نرخوں کا اندراج کرانا پڑتا ہے۔ یہ مخصوص شعبہ سابقہ اور رعایتی نرخوں کا جائزہ لینے کے بعد اس کی منظوری دیتا ہے ۔ اس کے بعد ہی کوئی دُکان یا تجارتی مرکز سیل کا اعلان کر سکتا ہے۔ اگر کوئی متعلقہ شعبے سے اجازت نہیں لیتا تو اس کا مطلب یہی لیا جاتا ہے کہ عوام کو سیل کی آڑ میں لُوٹنے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے، جسے تجارتی جعلسازی خیال کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :