Live Updates

حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ہے،علی امین گنڈاپور

بدھ 12 دسمبر 2018 16:46

حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ہے جس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں بے حد مد د مل رہی ہے۔بدھ کو اسلام آباد میں عالمی سطح پر حق خودارادیت او ر تحریک آزادی کشمیر کے لیے کام کرنے والے ایک اعلیٰ سطحی کشمیری وفد سے بات چیت کرتے انہوںنے کہاکہ عمران خان کی حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی دعوت دی اور یہ واضح کیا کہ اگر بھارت امن کی خاطر ایک قدم اٹھائے گا تو پاکستان اس کے بدلے دو قدم اٹھائے گا۔

وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوں کی منظم انداز میں نسل کشی کر رہا ہے جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے امن کی خاطر اور جذبہ خیرسگالی کے تحت کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا جس کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت بھی پاکستان کے مثبت اقدامات کا مثبت انداز میں جواب دے تاکہ جنوبی ایشیاء میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی جاسکے۔وفد کے شرکاء نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کرنے میں کی جانے والی کوششوں سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلے میں وفد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ بیرون ملک مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں گراں قدر خدمات دے رہے ہیں جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے انہوںنے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلے میں بین الاقوامی لابنگ اور کانفرنسز کے انعقاد کی تجویز کو انتہائی سودمند قرار دیتے ہوئے کہاکہ کہ عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے سلسلے میں مسئلہ کشمیر پر عالمی کانفرنسز انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

وفد نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں حکومت کی حالیہ کوششوں کی بھی تعریف کی۔ وفدنے پی ایس ایل میں آزادکشمیر سے بھی ٹیم شامل کرنے کی تجویز پیش کی جس پر وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں جلد پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے معاملے کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ۔ وفد میں کشمیر امریکن کونسل واشنگٹن کے صدر ڈاکٹر امتیاز خان،ممبربورڈ آف ڈائریکٹر ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم واشنگٹن ڈاکٹر عبدالروف میر، قطر یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ڈاکٹر فرحان مجاہد چک،کشمیر کمیٹی واشنگٹن کے ممبر ڈاکٹر ذوالفقار روشن خان، ورلڈ کشمیر فریڈم مومنٹ لندن کے سینئر وائس صدر نذیر احمد قریشی، کشمیر امریکن کونسل کے ممبر ڈاکٹر یوسف ،کشمیر تھنک ٹھینک گروپ کے ممبر ڈاکٹر ولید رسول شیخ کے علاوہ تحریک انصاف آزادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان شامل تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات