خواجہ غلام فرید ؒ کے عرس کے موقع پر تعطیل کا اعلان

بدھ 12 دسمبر 2018 16:54

خواجہ غلام فرید ؒ کے عرس کے موقع پر تعطیل کا اعلان
راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) عظیم صوفی شاعرحضرت خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ کے 121 ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات اور تقاریب کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا ،جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد الطاف بلوچ نے کی۔ اجلاس میں ڈی پی او ہارون راشد، اسسٹنٹ کمشنر جامپور سیف الرحمان، اسسٹنٹ کمشنر راجن پور لیاقت علی گیلانی ،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اسد علی، ڈی ایس پی، منیجر اوقاف، محکمہ ہائی وے، سول ڈیفنس، لوکل گورنمنٹ، تعلیم، صحت، واپڈا، فوڈ کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے حضرت خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر 15 دسمبر 2018 بروز ہفتہ مقامی تعطیل کا اعلان کیا اور کہا کہ عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

تمام متعلقہ افسران اپنی ڈیوٹی ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں ۔ڈی پی او ہارون راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرس کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔ پھر بھی دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حضرت خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی پہلی تقریب 13 دسمبر، 5 ربیع الثانی فجر کی نماز کے بعد قرآن خوانی سے شروع ہوگی۔ اسی طرح تین دن مختلف تقریبات جاری رہے گی۔ 15 دسمبر، 7 ربیع الثانی کو اختتامی تقریب ہوگی ۔