Live Updates

آل پاکستان بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز ٹیچرز کا اساتذہ کی ملازمت مستقل نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ جاری

بدھ 12 دسمبر 2018 17:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) آل پاکستان بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کی طرف سے اساتذہ کی ملازمت مستقل نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ 10ویں روز بھی ڈی چوک پر جاری رہا۔ ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر مظاہر حسین نے کہا کہ جب تک اساتذہ کو ریگولر نہیں کیا جاتا احتجاجی مظاہرہ جاری رہے گا۔

انہوںنے وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بیسک ایجوکیشن سسٹم کے تحت تعلیم دینے والے تمام اساتذہ کو فوری طور پر ریگولر کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ یہ منصوبہ 1995ء میں ناروے کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا اور 2003ء تک ناروے کی حکومت اسکو سپورٹ کرتی رہی تاہم بعد ازاں اس منصوبہ کو نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن کے ماتحت کردیا گیا اور2007ء میں ان سکولوں کو بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز میں ضم کردیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے فیصلے بھی ہمارے حق میں آئے عدلیہ کی طرف سے حکم دیا گیا کہ ان اساتذہ کو ریگولر کیاجائے مگر اس پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا اس وقت ملک بھر میں 12480اساتذہ 6لاکھ 82ہزار سے زائد بچوں کو تعلیم سے دے کر ان کا مستقبل روشن بنا رہے ہیں اور ان اساتذہ کو صرف 8ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جاتا ہے جوکچھ ماہ سے ادا نہیں کیا رہا۔ انہوںنے کہا مہنگائی کے اس دور میں جینا مشکل ہوچکا ہے، حکومت ہمارے مطالبات کو فوری طورپر تسلیم کرے۔ انہوںنے کہا کہ پولیس کی طرف سے ہمیں ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے اور بدھ کی صبح پولیس کی طرف سے 8اساتذہ جن میں اکثریت خواتین اساتذہ کی تھی کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔ تاہم بعد ازاں انہیں چھوڑ دیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات