وزیر اعلیٰ سندھ 15 دسمبر کو 14ویں تین روزہ بین الاقوامی نمائش "بلڈ ایشیا 2018" کا افتتاح کرینگے

مقامی کمپنیوں کے علاوہ 20 ممالک کی 250 سے زائد مصنوعات تعمیراتی صنعت میں رونما ہونے والی جدت کی عکاسی کریں گی

بدھ 12 دسمبر 2018 17:01

وزیر اعلیٰ سندھ 15 دسمبر کو 14ویں تین روزہ بین الاقوامی نمائش "بلڈ ایشیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ 15 دسمبر کو تعمیرات و صنعت سے متعلق انٹر نیشنل بلڈنگ مٹیریل و کنسٹرکشن مشینری 14 ویں بلڈ ایشیا 2018 نمائش کا افتتاح کرینگے۔ 15 دسمبر سے شروع ہونے والی بلڈ ایشیا نمائش 20 ممالک سے 250 وفود شرکت کررہے ہیں۔ایکسپو سینٹر کراچی میں 15 دسمبر سے شروع ہونے والی 14 ویں تین روزہ بین الاقوامی نمائش "بلڈ ایشیا" کے چھے ہالز میں مقامی کمپنیوں کے علاوہ 20 ممالک کی 250 سے زائد مصنوعات تعمیراتی صنعت میں رونما ہونے والی جدت کی عکاسی کریں گی۔

ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت، وفاق اور ٹی ڈیپ کے تعاون سے منعقد کی جانے والی نمائش میں ماضی کے تقابل میں اس سال غیر ملکی وفود کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل بلڈنگ مٹیرئیل و کنسٹرکشن مشینری نمائش "بلڈ ایشیا 2018" میں امریکہ، برطانیہ، ایران، اٹلی، چین، جرمنی، تائیوان، جاپان، تھائی لینڈ، ترکی، عمان اور متحدہ عرب امارات سے تعمیراتی شعبے سے منسلک کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔

سہہ روزہ 14ویں بلڈ ایشیا نمائش کے دوران پاکستان، چین اقتصادی راہداری اور تعمیراتی صنعت کے کردار پر سیمینار منعقد کیا جارہا ہے جس میں متعلقہ صنعت اور سی پیک پر ماہرین اپنے تجربات اور صنعت کو حائل رکاوٹوں پر روشنی ڈالیں گے۔ ای کامرس گیٹ وے کے تحت منعقد کی جانے والی نمائش میں تعمیراتی مشینری اور مٹیریل،اسٹیل، پی وی سی، ماربل اور فرنیچر سے متعلق تیار کردہ مصنوعات و مشینری شو کیس کی جارہی ہیں۔

ڈاکٹر خورشید نظام کا کہنا ہے کہ بلڈ ایشیا 2018 کے انعقاد کا مقصد پیداوار میں اضافہ، لاگت میں کمی اور پاکستان میں تعمیراتی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا ہے۔ نمائش میں چین سمیت دیگر ممالک کے سفارتکاروں سمیت، پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی، کنسٹرکٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان، آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی شریک ہونگے۔ 14ویں تین روزہ " بلڈ ایشیا 2018 " میں رواں سال پاکستان بھر سے 50 ہزار شرکا کی شرکت متوقع ہے۔