وزیر اعظم آزاد کشمیر نے طلباء یونینز کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر کے انکا دیرینہ مطالبہ پورا کیاہے، انشاء اللہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا وعدہ بھی جلد پورا ہو گا،پولیٹیکل سیکرٹری وزیر اعظم آزاد کشمیر

بدھ 12 دسمبر 2018 17:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پولیٹیکل سیکرٹری راجہ محمود احمد خان اور مسلم لیگ ن سٹی کے جنرل سیکرٹری آصف مصطفائی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے طلباء یونینز کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر کے ریاستی طلباء کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے۔ انشاء اللہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا وعدہ بھی جلد پورا ہو گا۔

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے طلباء یونینز کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ جسے پورا کر دیا گیا ہے۔ طلباء یونینز کی بحالی مسلم لیگ ن کی حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کے اس اقدام سے طلباء کو اپنی سلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گااور ریاست کے اندر نئی سیاسی قیادت سامنے آئی گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا وعدہ بھی پورا کیا جائے گا جس سے ا ٓزاد کشمیر میں اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہو گا اور نئی قیادت بھی سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر کے اندر اصلاحات کے لیے تاریخی کارہائے نمایاں سر انجام دئے ہیں۔