چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری سے نائجیریا کی وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے 2 رکنی وفد کی ملاقات،

باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 12 دسمبر 2018 18:19

چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری سے نائجیریا کی وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) طارق بنوری سے نائجیریا کی وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 2 رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھانے، بین الاقوامی تعلیمی تعلقات استوار کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعاون کیلئے ہمہ وقت پرعزم ہے۔

وفد کے اراکین میں ڈائریکٹر بائیو ریسورسز ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نائجیریا ابایومی اوگن ٹنڈے اور اسپیشل اسسٹنٹ ٹو پرماننٹ سیکرٹری وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سیموئل تھامس شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بنوری نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پانی، انرجی اور فوڈ سیکورٹی میں سنٹرز آف ایڈوانس سٹڈیز بنائے ہیں جو پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے مسائل کا حل تلاش کرنے میں کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور نائجیریا کے ہائر ایجوکیشن اداروں کے مابین باہمی تعلقات کیلئے باہمی دلچسپی کے شعبہ جات کا تعین کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق کے شعبہ جات میں ہائر ایجوکیشن کمیشن تمام برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ایک وفد نائجیریا بھجوایا جا سکتا ہے تاکہ اس بات کا ادراک کیا جا سکے کہ نائجیریا کے تعلیمی اداروں کے ساتھ کن شعبہ جات میں معاونت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ نائجیرین وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور ترویج کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔