پشاور پولیس موبائل ایپلی کیشن کے صارفین کی تعداد 6674 تک پہنچ گئی

اب تک 4895 رپورٹس موصول ہوئیں، 4862 رپورٹوں پر بروقت کارروائی کی گئی، پولیس

بدھ 12 دسمبر 2018 18:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مختلف واقعات اور حادثات سے نمٹنے ، جرائم کی بیخ کنی اور عوام اور پولیس کے مابین ہم آہنگی کی فضا بحال کرنے کیلئے متعارف شدہ ’’پشاور پولیس موبائل ایپلیکیشن سسٹم‘‘ میں اب تک 6674 صارفین کی جانب سے مجموعی طور پر 4895 رپورٹ موصول ہوئی ہیں جن میں 4862 رپورٹوں پر بروقت کاروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ 33 رپورٹوں پر پولیس کی جانب سے کاروائی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال مارچ کے مہینے میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس تک فوری رسائی کویقینی بنانے کے لیے ’’پشاور پولیس‘‘ موبائل ایپ سسٹم شروع کیا گیا جس کا بنیادی مقصد رپورٹنگ کے لیے عوام کو ٹیکنالوجی استعمال سے پبلک سروس ڈیلیوری میں معاونت فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اب عوام کسی بھی دھماکہ، حادثہ، لڑائی، جھگڑے، رہزنی اور ڈاکہ کی صورت میں اس سسٹم کے ذریعے رپورٹ کرتے ہیں۔

اس سسٹم کے تحت کسی بھی اینڈ ر ائیڈ فون پر پشاور پولیس نامی ایپ کو پلے سٹور سے ڈائون لوڈ کیا جاتا ہے اور بٹن دباتے ہی پولیس کو جرم کے جائے وقوعہ کا گوگل نقشے پر فوراً پتہ چل جاتا ہے۔عوام کی رہنمائی کے لیے ایپ میںآس پاس کے تمام تھانوں کے فون نمبرز بھی درج ہوئے ہیں۔ شکایت کنندہ کی گوگل میپ ’’رئیل ٹائم لوکیشن‘‘ پولیس کو مل جاتی ہے۔ اسی طرح قریبی پولیس اسٹیشن، پولیس موبائل وین اور سٹی پیٹرول کی گاڑی فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ کر کاروائی کرتی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے نت نئے آئیڈیاز متعارف کرائے جارہے ہیں اور پولیس موبائل ایپ اس سلسلے کا ایک اہم قدم ہے۔