صوبائی حکومت صوبے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آئی ٹی کلچر کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے،کامران بنگش

آئندہ 5 سالوں میں صوبے کے پانچ شہر وں کو سمارٹ سیٹیز بنایا جائے گا جبکہ آئند ہ سال مارچ کے مہینے میں صوبے میںسمارٹ سٹی کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا

بدھ 12 دسمبر 2018 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمشن ٹیکنالوجی کامران بنگش سے بدھ کے روز پشاور میں ورلڈ بینک کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور ان کے ساتھ باہمی د لچسپی کے امور خصوصی طور پر صوبے میں آئی ٹی کے فروغ اور اس حوالے سے مختلف پراجیکٹس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

وفد کی قیادت ورلڈ بینک کے سینئر سوشل ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ اور ٹاسک ٹیم لیڈر Mr.Emcet Oktay Tasکر رہے تھے جبکہ سینئر اربن ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ Fuad Malkawiاور سوشل ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ شان رحمان بھی وفد کے شرکاء میں شامل تھے۔ ملاقات میں ورلڈ بینک کے وفد نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کیساتھ خیبر پختونخوا میں مجوزہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن منصوبے جس کا مقصد صوبے کے مخصوص شہروں میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور شہری ترقی کے لئے ماحول فراہم کرنا ہے کہ بارے میں تبادلہ خیال کیا اور اس سلسلے میں اس مجوزہ منصوبے کے ڈیزائن اور اس کو عملی شکل دینے کے لئے مختلف مراحل جبکہ آئندہ کے لئے ممکنہ اہداف پر غور وخوض کیا گیا اور سمارٹ سیٹیزکے حوالے سے مکمل لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آئی ٹی کلچر کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ 5 سالوں میں صوبے کے پانچ شہر وں کو سمارٹ سیٹیز بنایا جائے گا جبکہ آئند ہ سال مارچ کے مہینے میں صوبے میںسمارٹ سٹی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصدبہتر انداز مین شہریوں کو خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے جس کے سلسلے میں حکومتی سطح پر ڈیجیٹل سروسز کو فروغ دینے کی طرف کو شش کی جارہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سمارٹ سیٹیز میں ڈیجیٹل سروسز فراہم ہونگے جس سے شہریوںکو سروسز کی فراہمی میں بہتری آئی گی۔یہ بنیادی طور پر لوکل گورنمنٹ کے منصوبے ہو نگے اور ضلعی حکومتوں کی سطح پرقائم کئے جائیںگے تاہم اسکی تمام تکنیکی معاونت آئی ٹی بورڈکرے گی اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز ملکر ان منصوبوں کو حتمی شکل دے گی ۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں حیات آباد جو شہر کا ایک پلان شدہ اور محدود آبادی پر مشتمل علاقہ ہے کو سمارٹ سٹی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جس میں تمام ڈیجیٹل سہولیات میسر ہونگے اور آئندہ سال اکتوبر کا مہینہ اس منصوبے کا ٹائم لائن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ منعقد ہونے والے سمارٹ سٹی کانفرنس میں لو کل گورنمنٹ اور آئی ٹی انڈسٹری، محقیقین اور دیگر شرکاء کو مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ صوبے کے مجوزہ آئی ٹی منصوبوں پر اپنا نقظہ نظر پیش کریں اور ان کی آراء کی روشنی میں اپنے ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک کو ان منصوبوں کے سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کی جائیگی جس میں کسی قسم کا تعطل نہیں آئے گا اور صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔