پاکستان کی بقا ،سلامتی اور جمہوریت کے لئے پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے لازوال قربانیاں دی ہیں،نثار کھوڑو

بدھ 12 دسمبر 2018 20:35

پاکستان کی بقا ،سلامتی اور جمہوریت کے لئے پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا ایک اہم اجلاس صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت گزشتہ روز پیپلز سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شروع میں پیپلز پارٹی کے شہدائوں کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اجلاس میں صوبائی نائب صدر راشد حسین ربانی، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، نعمان شیخ، جاوید ناگوری، ایم پی اے راجہ عبدالرزاق، مرزا مقبول، ذوالفقار قائم خانی، شکیل چوہدری، نوید بھٹی، خالد لطیف، ایم پی اے لیاقت علی آسکانی، اقبال ساند، ایم پی اے ساجد جوکھیو، ظفر صدیقی، جاوید شیخ، خلیل ہوت، ایم پی اے شاہینہ شیر علی ، شاہینہ سعیدہ، چوہدری ظفر اقبال سمیت سندھ کونسل کے اراکین، ضلعی اور سٹی ایریاز کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پاکستان کی بقا ،سلامتی اور جمہوریت کے لئے پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادتوں کو یہ قوم نہیں بھول سکتی اور خاص کر 27 دسمبر 2007 کو تو ہم آج تک بھول نہیں پارہے ہیں اور 27 دسمبر کو بی بی شہید کی 11ویں برسی کو بھرپور انداز میں منائے گے اور پاکستان ،سندھ سمیت کراچی سے بڑی تعداد میں کارکن گڑھی خدا بخش پہنچ کر اپنے شہید قائد ین سے والہانہ محبت وعقیدت کااظہار کرینگے ۔

اجلاس سے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام باشعور ہوتی جارہی ہے اور وہ جان چکی ہے کہ باتوں کے پہاڑ بنانے سے پیٹ نہیں بھرتا اور قوم جھوٹوں اور منافقوں کا جلد قلع قمہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منعقدہ پروگراموں میں جس طرح بڑھ چڑھ کرسندھ اور خصوصاً کراچی کے کارکنان حصہ لے رہے ہیں وہ قابل دیدوقابل تعریف ہے ۔اجلاس سے پی پی پی کراچی کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے بھی خطاب کیا۔