وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کے امیدواروں کا چنائو میرا نہیں ہے، عراقی وزیراعظم

وزراء کی تقرریاں نامزد امیدواروں کے ناموں پر سیاسی گروپوں کے اتفاق رائے پر منحصر ہیں، پریس کانفرنس

بدھ 12 دسمبر 2018 21:33

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے انکشاف کیا ہے کہ وزراء کی تقرریاں نامزد امیدواروں کے ناموں پر سیاسی گروپوں کے اتفاق رائے پر منحصر ہیں ،وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کیلئے دونوں امیدواروں کی نامزدگی میرا انتخاب نہیں ہے ۔بغداد میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں عبدالمہدی نے بتایا کہ ہمیں آٹھ یا نو وزراء کے چنائو کی آزادی تھی جبکہ بقیہ نامزدگیاں سیاسی سمجھوتوں کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال مئی میں ہونے والے عام انتخابات کے پانچ ماہ بعد نومبر کے آغاز میں عادل عبدالمہدی کو حکومت تشکیل دینے کیلئے نامزد کیا گیاتھا تاہم نئے وزیراعظم کو اپنے بعض نامزد امیدواروں بالخصوص دفاع اور داخلہ کے قلم دانوں کے حوالے سے پارلیمنٹ کے کئی ارکان کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جس پر وہ صرف 14 وزراء کے نام پیش کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سمجھوتا ہوا تھا کہ سیاسی گروپ اور اتحاد اپنے امیدواروں کے ناموں کو پیش کریں گے اور وزیراعظم ان میں سے ہی چناؤ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کیلئے امیدواروں کی نامزدگی سیاسی گروپوں کا آپشن ہے۔