یکم جنوری سے تمام کمرشل ڈرائیورز کی سکریننگ اور مرحلہ وار خصوصی تربیتی کورسز کرانے کا فیصلہ

6ماہ میں ہر ڈرائیور کو اس عمل سے گزارا جائے ،آگاہی مہم جاری رکھی جائے‘عبدالعلیم خان ہر شہر میں نئے ڈرائیونگ سکولز قائم ہونے چاہئیں ‘سینئر وزیر پنجاب کو سی ٹی او لاہور کی تفصیلی بریفنگ

بدھ 12 دسمبر 2018 21:33

یکم جنوری سے تمام کمرشل ڈرائیورز کی سکریننگ اور مرحلہ وار خصوصی تربیتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ یکم جنوری سے تمام کمرشل ڈرائیورز کی سکریننگ اور اُن کو مرحلہ وار خصوصی تربیتی کورسز کرائے جائیں اور 3سی6ماہ میں ہر ڈرائیور کو اس عمل سے گزارا جائے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ میں کیا ۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی شخص کو لائسنس ملنے سے پہلے ڈرائیونگ سکول سے باقاعدہ تربیت حاصل کرنی چاہیے اور ہر شہر میں نجی شعبے کے تعاون سے ایسے ادارے قائم ہونے چاہئیں جہاں ذاتی یا کمرشل گاڑی چلانے والوں کو باقاعدہ تدریسی اور عملی تربیت فراہم کی جائے ، انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین و ضوابط پر تعلیمی اداروں میں خصوصی کلاس کا اجراء ہونا چاہیے تاکہ نئی نسل ٹریفک کے اصولوں سے آگاہی حاصل کر سکے ، اسی طرح لین سسٹم کی پابندی اور عام لوگوں کو ٹریفک قوانین کیلئے آگاہی مہم کو جاری رکھا جائے اور شہر میں مختلف جگہوں پر مستقل کیمپ لگائے جائیں ،سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے عدم آگاہی کے باعث کئی ایک قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں جبکہ سرکاری و شہری املاک کو نقصان پہنچتا ہے ، انہو ں نے کہا کہ لاہور کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی اس منصوبے کو شروع کیا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کیلئے پولیس ، ٹیپا اور دیگر اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا چاہیے ،انہوں نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس میں مزید بہتری لانے کیلئے اسمبلی سے قانون سازی کا عندیہ دیا ،انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کی طرز پر ہمیں اپنے ٹریفک سسٹم کو اپ گریڈ کرنا ہوگا اور اس مقصد کیلئے آئندہ 50برسوں کی منصوبہ بندی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنے ہوں گے ،انہوں نے ماہانہ چالان کی رقم میں سے ٹریفک پولیس کے لئے مراعات اور گاڑیوں کی فراہمی سمیت مختلف امور پر ہمدردانہ غور کا یقین دلایا اور شہر میں نئے انڈر پاسز اور اووہیڈز کی تعمیر کو ضروری قرار دیا ۔

اپنی بریفنگ میں چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے سینئر وزیر کو بتایا کہ لاہور شہر میں 10مقامات پر ٹریفک کا بھاری دباؤ ہوتا ہے جبکہ مختلف پرائیویٹ سوسائٹیاں ،تعلیمی ادارے ،بغیر پارکنگ کے بنے ہوئے پلازے اور بڑی شاہراہوں پر کمرشلائزیشن اورسست ٹریفک جیسے مسائل درپیش ہیں ،انہوں نے ٹریفک وارڈنز کیلئے سہولتوں اور مختلف مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بہتر سے بہتر پرفارمنس کا یقین دلایا۔