Live Updates

صنعتوں کو گیس کی فراہمی میں تعطل قابل قبول نہیں، ایس ایم منیر

کیپٹیو پاور پلانٹ سے ادویہ ساز صنعتیں متاثر ہوں گی،آئین کے مطابق سندھ کو گیس کا حصہ دیا جائے، کاٹی کا مطالبہ

بدھ 12 دسمبر 2018 21:43

صنعتوں کو گیس کی فراہمی میں تعطل قابل قبول نہیں، ایس ایم منیر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر دانش خان، سینیئر نائب صدر فراز الرحمن اور نائب صدر ماہین سلمان نے صنعتوں کو گیس کی بندش پر اظہار تشویش کیا ہے اور صنعتی پیدوار پر اس کے ناقابل تلافی اثرات کے پیش نظر صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کو پہلے ہی خدشات سے آگاہ کیا تھا، صنعتوں اور بالخصوص کیپٹیو پاؤر پلانٹس کو گیس کی عدم فراہمی ملکی معیشت کے لیے تباہ کُن ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ اس سال صنعتوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی ، لیکن اس کے برعکس گیس کی لودشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے جس کا براہ راست اثر صنعتی پیداوار اور برآمدات پر ہوگا۔

(جاری ہے)

کاٹی کے صدر دانش خان نے کہا کہ کیپٹیو پاؤر پلانٹس کو گیس کی عدم فراہمی سے دوا ساز صنعت بڑے پیمانے پر متاثر ہوگی، جس کے نتیجے میں جان بچانے والی ادویہ کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث عوام براہ راست متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی میں اگر تین سے چار روز کا تعطل آیا تو صنعتی پیداوار کا عمل ٹھپ ہوجائے گا، ایسی صورت میں برآمدات میں اضافہ ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بھی بارہا برآمدات میں اضافے کو اجاگر کیا ہے لیکن عملی طور پر صنعتیں گیس کے بحران کا شکار ہیں۔ دانش خان کا کہنا تھا گیس کی تقسیم کے معاملے پر بھی صنعت کاروں میں تحفظات پائے جاتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئین کے مطابق سندھ کو گیس کی پیدوارا کا پورا حصہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی اور گھریلو صارفین کے مسائل کا ازالہ بھی ضروری ہے تاہم صنعتوں کو اگر گیس کی بلاتعطل فراہمی نہیں کی جاتی تو مسائل میں گھری ملکی معیشت مزید بحران کو کا سامنا کرے گی، ہم بحیثیت قوم جس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات