شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں پاکستانی ثقافت کا دن منایا گیا

بدھ 12 دسمبر 2018 22:04

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں شعبہ مطالعہ پاکستان میں پاکستانی ثقافت کا دن منایا گیا۔ اس دن کی تقریبات کا افتتاح وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کیا اور شعبے کے چیئرمین پروفیسر عنایت اللہ بھٹی کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کو ثقافتی اسٹالز لگانے پر مبارکباد دیتے ہوئے وائیس چانسلر نے کہا کہ پاکستان ثقافت اور تہذیب سے مالامال ملک ہے۔

کشمیر سے لے کر کاچھو تک پاکستان ثقافتی ورثے اور تہذیب میں امیر ترین ملک ہے۔ پروفیسر عنایت اللہ بھٹی نے شرکاء کو بتایا کہ ہمارا شعبہ ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے پر یقین رکھتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی یوم منانا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار اور پروفیسر ایاز گل صدر سالوٹا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور طلبہ و طالبات کو کامیاب تقریب پر مبارکباد دی۔

اس تقریب میں پاکستانی ثقافت کے رنگو ں کو نمایاں کیا گیا ۔ ثقافتی آگاہی اور ثقافتی رواداری پر طلبہ و طالبات نے ٹیبلوز ، رقص اور موسیقی پیش کی ۔ ان مقابلوں میں جیتنے والوں میں سرٹیفیکیٹ اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ دن کی تقریبات شام تک جاری رہیں ۔ تقریبات میں پروفیسر ڈاکٹر اختیار علی گھمرو، پروفیسر مجیب ابڑو، پروفیسر عاشق لاشاری، پروفیسر سراج سومرو، پروفیسر نائلہ عباسی و دیگر اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتو اور شعبہ مطالعہ پاکستان کے اساتذہ کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :