پی سی بی کو 70 ملین ڈالرز زر تلافی کیس میں بھارت سے شکست مزید مہنگی پڑ گئی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس کے اخراجات کی مد میں پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لیے، بی سی سی آئی نے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف کو خط لکھ دیا

بدھ 12 دسمبر 2018 22:30

پی سی بی کو 70 ملین ڈالرز زر تلافی کیس میں بھارت سے شکست مزید مہنگی پڑ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 70 ملین ڈالرز زر تلافی کیس میں بھارت سے شکست مزید مہنگی پڑ گئی، بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس کے اخراجات کی مد میں پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لیے، بی سی سی آئی نے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف کو خط لکھ دیا۔آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکل میں اضافہ ہو گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس لڑنے پر ہونے والے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ سے مانگ لیے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے باہمی کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں کیس کیا تھا جس میں 447 کروڑ روپے ہرجانہ طلب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم مائیکل بیلوف کی سربراہی میں آئی سی سی کمیٹی نے کیس کا فیصلہ بھارتی بورڈ کے حق میں دے دیا تھا جس کے بعد اب بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کیس پر آنے والے اخراجات کا ازالہ چاہتا ہے۔

اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو خط لکھا ہے کہ اس کیس پر اٹھنے والے 15 کروڑ روپے کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز 2013 سے نہیں کھیلی گئی۔واضح رہیکہ نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے 2014 میں متنازع بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان 2015 سے 2023 تک 6 سیریز ہونا تھی جن میں 14 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹوئنٹی شامل تھے لیکن بھارتی بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔۔