کراچی، پاک سر زمین پارٹی کی سردیوں کی شروعات میں ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت

بدھ 12 دسمبر 2018 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل ڈاکٹر یاسر نے سردیوں کی شروعات میں ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں گیس نایاب ہو چکی ہے۔ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے گھروں نیں خواتین کو امور خانہ چلانے میں دشواری کا سامنا ہے تو دوسری طرف انڈسٹری میں گیس کی قلت سے کاروباری لاگت میں ہوش ربا اضافہ ہو رہا ہے جو پہلے سے تباہ حاک معیشت کیلئے زہر قاتل ہے۔

(جاری ہے)

حکومت وقت گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کرے تاکہ پاکستان توانائی کے بحران سے نکل کر معاشی ترقی کی پٹری پر چڑھ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وقت کے سامنے معاشی ترقی میں حائل سب سے بڑا چیلنج سستی بجلی اور گیس کی فراہمی ہے جس کو حل کیئے بغیر سارے حکومتی دعوے اور وعدے پائے تکمیل تک نہیں پہنچ سکتے۔ اس لیے سردیوں میں گیس اور گرمیوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور سستی ترین توانائی کی پیداوار حکومت وقت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔#