مصری فوج کی شمالی سیناء میں چھاپہ مار کارروائیاں ،

27دہشتگرد مارے گئے ایک فوجی بھی جاں بحق ہوا ، دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیاروں کی بڑی تعداد ، گولہ بارود اور رابطے کے آلات برآمد ہوئے،403 افراد گرفتار کئے گئے ، فوج

بدھ 12 دسمبر 2018 22:51

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2018ء) مصری فوج نے اعلان کیا ہے کہ شمالی سیناء میں چھاپوں کی کارروائی کے دوران 27 دہشت گرد مارے گئے۔ یہ بات مصری فوج کے عسکری آپریشن سینائ 2018 کے حوالے سے بدھ کے روز جاری بیان نمبر 30 میں بتائی گئی۔ مذکورہ آپریشن رواں سال فروری میں شروع کیا گیا تھا۔فوج کے بیان کے مطابق تازہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 27 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا گیا جب کہ اس دوران ایک فوجی جاں بحق ہو گیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیاروں کی بڑی تعداد ، گولہ بارود اور رابطے کے آلات برآمد ہوئے۔ کارروائی میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 403 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔فوج نے بتایا کہ عسکری انجینئروں کی ٹیم نے علاقے میں نصب کیے گئے 344 دھماکا خیز آلات کا پتہ چلا کر انہیں ناکارہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں دہشت گردوں کی 342 کمین گاہوں کا بھی انکشاف ہوا جن کے اندر سے گولہ بارود کی بڑی مقدار، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے پرزہ جات اور کھانے پینے کی اشیائ ملیں۔فوج کے بیان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 27 گاڑیاں اور 83 موٹر سائیکلیں ضبط اور تباہ کی گئیں ، ان پر نمبر پلیٹس موجود نہیں تھی۔۔