افغان ایئر فورس کے فضائی حملے میں 8 طالبان جنگجو مارے گئے ،ْ4 شدید زخمی

بدھ 12 دسمبر 2018 23:02

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) افغان ایئر فورس کے فضائی حملے میں 8 طالبان جنگجو مارے گئے ،ْ4 شدید زخمی ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق کابل میں انٹیلی جنس اہلکاروں کے قافلے پر حملے کے بعد افغان فضائیہ نے صوبے ارزگان میں مشترکہ فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 8 جنگجو ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔افغان فوج کے دستے 205 اتل کے ترجمان نے بتایا کہ فضائی حملہ خفیہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

آپریشن میں کلیدی کردار بھی افغان دستے 205 نے ادا کیا جس میں اتحادی افواج کی معاونت بھی شامل تھی۔افغان فوج کے ترجمان کے مطابق طالبان جنگجو ارزگان صوبے کے شہر ترین کوٹ میں جمع ہورہے تھے ، جہاں ایک خفیہ اجلاس جاری تھا جس میں حکومتی سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔دوسری جانب گزشتہ روز انٹیلی جنس اہلکاروں کے قافلے میں خود کش کار بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے جن میں 4 انٹیلی جنس اہلکار اور 8 عام شہری شامل ہیں۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔