Live Updates

وزیر خارجہ نے کشمیریوں کا موقف اقوام متحدہ میں بہتر انداز میں پیش کیا ، کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان

بدھ 12 دسمبر 2018 23:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ٓزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے کشمیریوں کا موقف اقوام متحدہ میں بہتر انداز میں پیش کیا ہے، کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارتی افواج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے موجودہ برس کے دوران کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 400سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر میڈیا سروس اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور،کنوینئر حریت کانفرنس غلام محمد صفی ، ڈاکٹر امتیاز ، اعزاز چوہدری ، ظفر بنگش سابق سینیٹر رحمان ملک سمیت اندرون اور بیرون ممالک سے اہم شخصیات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد آزادکشمیر کی حکومت کو بہت سپورٹ ملی ہے اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں ہمارا موقف بہتر طور پر پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور آج کی تقریب کا مقصد بھی کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ برس کے دوران کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 400سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو شرم آنی چائیے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے اور اس مقصد کے لئے سات لاکھ سے زائد فوج کو کشمیر میں تعینات کیا گیا ہے۔ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پیلٹ گن کے استعمال سے 6ہزار سے زائد افراد کو شہید کیا گیا ہے جس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس نے بھی اپنی رپورٹس میں بھارتی بربریت کا ذکر کیا ہے اور اس کے علاوہ دیگر ممالک نے بھی پیلٹ گن کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر بات چیت کرنا ہوگی اور دنیا کو اس کے ظلم وستم دکھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کرتارپور رایداری کھول کر دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے اور اب بھارت کو بھی چائیے کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بند کرے اور محصور کشمیری قیادت کو رہا کرے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کشمیر میں جیسا ظلم ہو رہا ہے اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اور افسوس اس بات کا ہے کہ عالمی ادارے بھی اس مسلئے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا ہے جس سے ہمیں اس کی اہمیت کا اندازہ بخوبی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی کمیشن کی رپورٹ پر ہمیں اگے بڑھنا ہوگااور دنیا کو بتانا ہوگا کے کشمیریوں کے ساتھ کیسا ظلم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں اور بھارت سے مذاکرات کی بحالی کی بنیادی شرط مسئلہ کشمیر کا حل ہے تاہم امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بھارت اپنے ملک میں موجود اقلیتوں پر بھی ظلم کر رہا ہے ، بھارت کو عالمی قوانین کی پابندی کرنا چائیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات