کراچی، موٹر سائیکل چوری کرنیوالے بچوں کا گروہ گرفتار قبضے اور نشاندہی پر 9 موٹرسائیکلیں اور 2 پستول برآمد

ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وا رداتوں کا اعتراف کیا ہے، عارف اسلم رائو

بدھ 12 دسمبر 2018 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) کراچی کے ضلع وسطی میں موٹر سائیکل چوری کرنے والے بچوں کے 6 رکنی گروہ کو سرسید پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر 9 موٹرسائیکلیں اور 2 پستول برآمد کیے گئے ہیں۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائو کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وا رداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 14سے 18 سال کی عمر کے بچوں کا یہ گروہ موٹر سائیکل چوری کرنے میں ماہر ہے، ملزمان عامر حیدر، سلیم عرف کھاچھیا، خیراللہ، کامران، خان ولی اور شہزاد کراچی سینٹرل کے مختلف علاقوں کی گلیوں میں گھومتے اور لا وارث یا ہینڈل لاک کے بغیر موٹر سائیکل دیکھ کر اسے چوری کر لیتے تھے۔ایس ایس پی کے مطابق گھومنے پھرنے کے دوران موٹر سائیکل کا پٹرول ختم ہو جانے پر اسے چھوڑ دیتے تھے۔

(جاری ہے)

یہ بچے بعض گاڑیوں کے پرزے نکال کر اسے مارکیٹ میں فروخت کرکے خرچہ نکالتے تھے۔عارف اسلم رائو کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے دو عامر اور سلیم کے قبضے سے 2 پستول بھی برآمد ہوئے، یہ دونوں ملزمان اس سے قبل بھی ایک تھانے کی حدود میں اسی طرح کی واردات میں گرفتار ہوئے تاہم کم عمر ہونے کی بنا پر ان کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور تھانے سے چھوڑے جانے کے بعد ملزمان پھر اسی کام میں لگ گئے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان نے درجنوں وارداتوںکا اعتراف کیا ہے، نشاندہی پر مزید مسروقہ گاڑیاں برآمد ہونے کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :