زرداری کے بعد شریف خاندان کے جعلی اکاونٹس نکلنے والے ہیں،روف کلاسرا کا دعویٰ

اربوں روپے کی مشکوک منتقلیاں کرنے کے لیے شوگر ملوں میں کام کرنے والے ملازمین اور گھریلو ملازمین کے ناموں کو استعمال کیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 12 دسمبر 2018 22:46

زرداری کے بعد شریف خاندان کے جعلی اکاونٹس نکلنے والے ہیں،روف کلاسرا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12دسمبر2018ء) معروف صحافی روف کلاسرا نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف خاندان نے اربوں روپے کی مشکوک منتقلیاں کرنے کے لیے شوگر ملوں میں کام کرنے والے ملازمین اور گھریلو ملازمین کے ناموں کو استعمال کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جعلی اکاونٹس کی بازگشت جاری و ساری ہے۔ کچھ عرصہ قبل سپریم کورٹ آف پاکستان میں جعلی بینک اکاونٹس کیس کیلئے بنائی جانے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں 107جعلی اکائونٹس کے ذریعے 54ارب روپے کی بیرون ملک منتقلی کا انکشاف ہوا تھا ۔

رپورٹ پیش کرتے ہوئے جے آئی ٹی نے سندھ حکومت کی جانب سے ریکارڈ کی فرا ہمی کے لیے تعا ون نہ کر نے کا الزام عا ئد کیا تھا ،رپورٹ میں کئی کائونٹس محدود مدت کے لیے کھولنے کے بعد بند کردینے کو منی لانڈرنگ کا معاملہ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس جعلی اکاونٹس کے سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوا تو سارے ہی سر پکڑ کر بیٹھ گئے ۔کہیں فالودے والے کے اکاونٹس سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کی گئیں تو کہیں کسی طالبعلم کا بے نامی اکاونٹ استعمال کرتے ہوئے مشکوک منتقلیاں کی گئیں۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ زرداری کے بعد اب شریف خاندان کی جانب سے بھی اسی قسم کی کاروائیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
معروف صحافی روف کلاسرا نے انکشاف کیا ہے کہ شریف خاندان نے اپنی شوگر ملوں ، ملازمین ، باورچیوں اور رائے ونڈ میں کام کرنے والے دیگر عملے کے ذریعے اربوں روپے کی غیر ملکی ٹرانزیکشن کی ہیں ۔واضح ہو کہ اگر یہ بات سچ ثابت ہوئی تو یہ خبر شریف خاندان کے خلاف سامنے آنے والی بڑی پیش رفت ہوگی۔