ہیکرز نے ایک اور شہری کو لوٹ لیا، او جی ڈی سی ایل کے سابق ملازم کے اکائونٹ سے 1لاکھ 42ہزار روپے رقم نکال لی گئی

بدھ 12 دسمبر 2018 23:43

ہیکرز نے ایک اور شہری کو لوٹ لیا، او جی ڈی سی ایل کے سابق ملازم کے اکائونٹ ..
حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ہیکرز نے ایک اور شہری کو لوٹ لیا، او جی ڈی سی ایل کے سابق ملازم کے اکائونٹ سے 1لاکھ 42ہزار روپے کی رقم نکال لی گئی،شہری نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں رپورٹ درج کرادی، ہیکرز نے ایک اور شہری کو لاکھوں روپے سے محروم کردیا، لطیف آباد یونٹ نمبر11 کے رہائشی محمد عمران کے اکائونٹ سے ہیکرز نے 1 لاکھ 42 ہزار روپے نکال لئے، حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے محمد عمران نے بتایا کہ وہ او جی ڈی سی ایل سے ریٹائرڈ ہیں اور انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی کے لئے نجی بینک میں ایک لاکھ 42 ہزار روپے کی رقم رکھوائی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز انہیں بینک کے یو اے این نمبر سے ایک فون کال موصول ہوئی اور ان سے اکائونٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے بینک کی تفصیلات معلوم کی گئیں جس پر انہوں نے پہلے منع کرکے کال منقطع کردی تو ہیکرز نے دوبارہ کال کرکے کہا کہ وہ بینک سے ہی بات کررہے ہیں اگر یقین نہیں آرہا تو اے ٹی ایم کارڈ پر ہمارا نمبر دیکھ لیں جس پر اکائونٹ ہولڈر نے اے ٹی ایم کارڈ چیک کیا تو وہی نمبر تھا جو اے ٹی ایم کارڈ پر درج تھا، اس اطمینان کے بعد انہوں نے تمام معلومات ہیکرز کو فراہم کردیں، انہوں نے بتایا کہ معلومات فراہم کرنے کے بعد ان کے اکائونٹ سے یکے بعد دیگرے تین ٹرانزیکشن کے ذریعے 1 لاکھ 42 ہزار روپے کی رقم نکال لی گئی جس کا انہیں موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے علم ہوا، محمد عمران کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعہ سے متعلقہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں رپورٹ درج کرادی ہے، انہوں نے وفاقی حکومت، چیف جسٹس آف پاکستان اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں کیونکہ وہ ایک ریٹائرڈ ملازم ہیں اور اپنی بچی کی شادی کے لئے یہ رقم بینک میں رکھوائی تھی، اب ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے لہٰذا انہیں ان کی رقم واپس دلوائی جائے۔