صدرٹرمپ کے پاکستان کے خلاف معاندانہ اقدامات

امریکا کے درجنوں چوٹی کے ماہرین دماغی امراض کے نزدیک زیادہ عمر کی وجہ سے امریکی صدر ذہنی خلفشار کا شکار ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 13 دسمبر 2018 08:38

صدرٹرمپ کے پاکستان کے خلاف معاندانہ اقدامات
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 دسمبر۔2018ء) صدرٹرمپ کے برسر اقتدار آنے سے پاکستان کے خلاف معاندانہ اقدامات کا سلسلہ تیز ہو ا ہے جبکہ پینٹا گان اور ان کے فوجی مشیر انہیں پاکستان کی اہمیت اور تعاون کے بارے میں قائل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں. مگر سفید فام انتہا پسندوں ‘اسرائیلی اور بھارتی لابی جیسے ان کے دماغ پر کنٹرول کررکھا ہے.

امریکا کے درجنوں چوٹی کے ماہرین دماغی امراض ان کے ذہنی معائنے پر زور دیتے چلے آرہے ہیں کہ ان کے نزدیک عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے صدر ٹرمپ آلزہیمرزکا شکار ہیں.

(جاری ہے)

ان کے ذہنی خلفشار کی تازہ ترین نشانی وزیراعظم پاکستان کو خط میں پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرکے افغانستان میں مدد مانگنے کے بعد مذہبی آزادیوں کی مبینہ خلاف ورزیوں اور اقلیتوں سے نامناسب رویے پر پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنا ہے حالانکہ امریکا میں صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے سے اب تک نہ صرف اقلیتوں بلکہ رنگ ونسل کی بنیاد پر لوگوں کو بدترین تعصب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے .

پچھلے سال امریکہ نے پاکستان کو اس حوالے سے خصوصی واچ لسٹ میں شامل کیا تھا، اب اسے بلیک لسٹ کردیا ہے. اس سے قبل چین، ایران، سعودی عرب، اریٹریا، میانمار، شمالی کوریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان اس فہرست میں شامل ہیں. بلیک لسٹ ممالک پر الزام ہے کہ وہ منظم طریقے سے مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں. پاکستان کے بارے میں تازہ اقدام کا اس کے سوا کوئی مقصد نہیں کہ امریکہ اسلام آباد پر اب اپنی مرضی کے اقدامات کے لئے دباﺅ ڈال سکے گاامریکا کے کئی سابق عہدیدار کھلے عام اعتراف کرتے رہے ہیں کہ امریکا انسانی حقوق‘حقوق نسواں اور مذہبی وشخصی آزادیوں کو بہانہ بناکر قوموں اور ملکوں کو بلیک میل کرتا آیا ہے.

جان پرکنزجوکہ اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور متعددکتابوں کے مصنف ہیں انہوں نے انسانی حقوق‘حقوق نسواں‘آزادی اظہار اور مذہبی وشخصی آزادیوں کو امریکی ”ہتھیار “قراردیا . امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق نائب سربراہ مائیکل شوائرز بھی اسے کمزور اقوام کے خلاف ”موثرامریکی ہتھیار“قراردے چکے ہیں . یہ حقیقت پوری دنیا پر عیاں ہے کہ اقلیتوں کو پاکستان میں آئینی طورپر ہر طرح کی آزادی اور تحفظ حاصل ہے‘ آسیہ کیس میں ریاست اور عدالت عظمیٰ کے حالیہ فیصلے اس کا سب سے بڑا ثبوت ہیں.

اسلام نے اقلیتوں کو سب سے زیادہ حقوق دیے ہیں جن کی ضمانت آئین پاکستان میں بھی دی گئی ہے‘سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو امریکہ سمیت کئی ترقیاتی ممالک سے زیادہ مذہبی اور شہری آزادیاں حاصل ہیں. یونین کونسل سے پارلیمنٹ تک انہیں سیا سی نمائندگی دی گئی ہے اس کے مقابلے میں بھارت میں اقلیتوں سے جو بہیمانہ سلوک کیا جا رہا ہے اسے ساری دنیا جانتی ہے مگر اسے بلیک لسٹ تو کیا واچ لسٹ میں بھی شامل نہیں کیا گیا.

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکہ بلیک لسٹ کی آڑ میں پاکستان پر معاشی پابندیاں بھی لگا سکتا ہے. ایک طرف امریکہ افغانستان میں امن کے لئے پاکستان سے مدد مانگ رہا ہے تو دوسری طرف اس کے خلاف نئی پابندیوں کی راہ ہموار کر رہا ہے. امریکی وزیر خارجہ نے اگرچہ پاکستان کوپابندیوں سے استثنا دینے کا اعلان کیا ہے مگر اس کے قول و فعل میں مطابقت کم ہی نظر آتی ہے‘کون جانے کل وہ کیا کرے.