بھارت نے فوجی طاقت کی بنیاد پرکشمیریوں کو تمام انسانی حقوق سے محروم کردیا ہے

حریت رہنما اشرف صحرائی کا مجہ گنڈ سرینگر میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت

جمعرات 13 دسمبر 2018 09:30

سرینگر ۔ 10 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بڈگام کے علاقے مجہ گنڈ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی غلامی اور جبری قبضے سے نجات حاصل کرنے کے لیے کشمیری نو جوانوں کو اپنا لہو پیش کرنا پڑرہاہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت نے فوجی طاقت کی بنیاد پر مظلوم کشمیری قوم کی آزادی چھین لی ہے اور کشمیریوں کو تمام انسانی حقوق سے محروم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کو سیاسی اور انسانی بنیادوں پر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ مسئلہ فوجی طاقت کے بے دریغ استعمال سے ختم نہیں ہوگا اور نہ اس تنازعے کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم ہو سکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی اور پیدائشی حقوق کی بازیابی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور وہ اپنے حقوق کے حصول تک جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کی پُرامن، جمہوری اور سیاسی جدوجہد کو ہمیشہ فوجی طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جس وجہ سے کشمیری نو جوان عزیمت کا راستہ اختیارکرنے اور اپنی جانوں کی قربانیاں دینے پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے مجہ گنڈ سرینگر میں بھارتی فورسز کی طرف سے مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے اور دوسری املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کی۔