مقبوضہ کشمیر لبریشن فرنٹ (آر) کا جیلوں میں نظربند سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر اظہارتشویش

جمعرات 13 دسمبر 2018 09:30

سرینگر ۔ 10 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ (آر) نے جیلوں میں نظربند سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق لبریشن فرنٹ (آر) کے رہنمائوں بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور ایڈوکیٹ ایوب راٹھور نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں سیاسی قیدیوں کو انتقام اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے پر تہاڑ جیل اور مقبوضہ کشمیرکے جیل حکام پر شدید تنقید کی ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کشمیری نظربندوں کو انصاف فراہم کرانے میں ناکام ہوگئی ہے اور اس نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حراستی مراکز ٹارچر سیلوں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

فرنٹ کے رہنمائوں نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، ظہور وٹالی، شاہدالاسلام، معراج الدین کلوال، الطاف احمد شاہ ، پیر سیف اللہ اور ایاز اکبر سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی عدالتیں بھی کشمیری نظربندوں کو انصاف فراہم نہیں کررہی ہیں۔

انہوں نے پارٹی چیئرمین فاروق احمد ڈار کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے اداروں پر زوردیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں۔

متعلقہ عنوان :