سعودی عرب کا شہر الاحساء عرب دنیا کا سیاحتی دارالحکومت منتخب

جمعرات 13 دسمبر 2018 11:14

سعودی عرب کا شہر الاحساء عرب دنیا کا سیاحتی دارالحکومت منتخب
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سعودی عرب کے شہر الاحساء کو 2019ء کے لئے عرب سیاحت کے دارالحکومت کے طور پر منتخب کر لیا گیا۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق اس بات کا فیصلہ مصر کے شہر سکندریہ میں منعقد اجلاس میں سیاحت سے متعلق عرب وزراء کی کونسل کے 21 ویں اجلاس میں ہوا۔ جس میں عرب ممالک کے وزراء سیاحت، عرب تنظیموں اور فیڈریشنوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

متعلقہ کونسل کے مطابق الاحساء شہر ان تمام شرائط پر پورا اترا ہے جو اس اعزاز کے حصول کے واسطے مقرر کی گئی ہیں۔اس موقع پر کونسل نے عرب ٹورزم آرگنائزیشن کے اعزازی سربراہ اور سعودی عرب میں سیاحت اور قومی ورثے کے امور کی جنرل اتھارٹی کے صدر شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پیش کی۔ عرب ٹورزم آرگنائزیشن کے صدر ڈاکٹر بندر بن فہد آل فہید نے کہا ہے کہ نے کہا کہ الاحساء کو 2019ء کے لیے عرب سیاحت کا دارالحکومت چنے جانے سے اس علاقے کے لیے اور بالخصوص سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی ترقی اور سیاحت کے شعبے سے ہونے والی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔