بھارتی فوجیوں نے سوپور میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران 2 نوجوانوں کو شہید کردیا، علاقے میں انٹر نیٹ سروس معطل، فوجیوں نے شوپیاں کے بعض علاقوں میں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کر دی

جمعرات 13 دسمبر 2018 11:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعرات کو سوپور قصبے میں دونوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو سو پور قصبے کے علاقے گنڈ براٹھ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔شہدا کی شناخت اویس بٹ اور طاہر احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

فوجیوں نے علاقے میں تلاشی آپریشن گزشتہ شام شروع کیا تھا تاہم بعد میں آپریشن اندھیرے کے سبب ملتوی کیا گیا۔ آپریشن آج صبح سویرے دوبارہ شروع کیا گیا۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کوتازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے سوپور قصبے میں انٹرنیٹ موبائل سروس معطل کر دی ہے۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیان کے علاقوں ترنز ڈیرپورہ اور ملک گنڈ میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔