میر واعظ کا نہتے کشمیریوںکے خلاف پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ

کمسن بچوں سمیت نہتے افرادکے خلاف پیلٹ گن کا استعمال سفاکیت کی انتہا ہے

جمعرات 13 دسمبر 2018 11:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوںخاص طورپر کمسن بچوں اور بچیوں کیخلاف مہلک اور غیر انسانی پیلٹ گن کے استعمال پرفوری طور پابندی عائد کرنے کا مطالبہ دہراتے ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ان خیالات کا اظہار سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جا کر بھارتی فورسز کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ اور پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال سے شدید زخمی ہونے والے کمسن بچی ہبہ نثار کی عیادت کرتے ہوئے کیا ۔

ہبہ نثار کی ایک آنکھ بری طرح متاثر ہو ئی تھی جس کا دوبارہ آپریشن کیاگیا ہے ۔ انہوںنے کہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر امن طورپر جدوجہد کرنے والی کسی بھی قوم کیخلاف اس طرح کی سفاکیت کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا اور جس بے دردی کے ساتھ نہتے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو مہلک ہتھیاروں اور کالے قوانین کے بل پر دبانے کا عمل جاری ہے عالمی برادری اورانسانی حقوق کے عالمی اداروں کواس کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد خاص طورپر پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں کا نشانہ بنا نے کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قراردیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکمران کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے کسی بھی غیر انسانی اور غیر اخلاقی حربے استعمال کرنے سے گریز نہیں کرر ہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز جس بے دردی کے ساتھ نہتے عوام بشمول معصوم بچوں اور بچیوں کو ظلم وبربریت کا نشانہ بنا رہی ہیںوہ حقوق انسانی کی پامالیوں کی ایک واضح مثال ہے اور اس سے قبل بھی پیلٹ گن کے قہر سے درجنوں کشمیری جن میں بڑی تعداد کمسن بچوں اور خواتین کی ہے شدید زخمی ہو چکے ہیں یا انکی بینائی ہمیشہ کیلئے چلی گئی ہے ۔

اس موقعہ پرانہوںنے کمسن ہبہ کے والدین اور عزیزو ں سے ملاقات کی اپنی ہمدردی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ہبہ نثار کی جلد صحتیابی کیلئے پوری قوم دعا گو ہے۔انہوںنے کہاکہ کمسن ہبہ کی نازک حالت دیکھ کر انسان یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ آخر اس بے رحمی اور سفاکیت کا خاتمہ کب ہوگا۔حریت فورم کے چیئرمین نے ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور ہبہ نثار کی صحت اور آپریشن کی تفصیلات حاصل کیں ۔