شارجہ میں بسوں کے کرایوں میں 1 سے 3 درہم تک کا اضافہ

یہ کرایہ مقامی اور انٹر سٹی تمام روٹس پر نافذ العمل ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 دسمبر 2018 11:25

شارجہ میں بسوں کے کرایوں میں 1 سے 3 درہم تک کا اضافہ
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13دسمبر2018ء ) شہر کے اندر اور شہر سے باہر بسوں سے سفر کرنے والے مسافر ہوشیار ہو جائیں، کیونکہ دونوں روٹس کے مسافروں کے لیے کرایوں میں 1 سے 3 درہم تک کا اضافہ ہو گیا ہے۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ حالیہ اضافہ یکم دسمبر 2018ء سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے ایک سرکاری سرکلر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق شہر کے اندر اور شہر سے باہر تمام روٹس کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

شہر کے اندر سفر کرنے والوں کو اب 7 درہم کی بجائے 8 درہم ادا کرنا ہوں گے۔ جبکہ Sayer کارڈز کی سہولت رکھنے والوں کو 5.5 درہم کی بجائے 6 درہم کی ادائیگی کرنا ہو گی۔ جبکہ انٹر سٹی روٹس پر کرایوں میں 1 سے 3 درہم کا اضافہ ہوا ہے۔ شارجہ سے ابو ظہبی یا العین کا بس سفر کرنے والوں کو اب 30 درہم کی بجائے 33 درہم کی ادا کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ راس الخیمہ کے لیے کرایہ 25 درہم سے بڑھا کر 27 درہم ہو گیا ہے۔

شارجہ سے عجمان کے لیے کرایہ پانچ درہم کی بجائے چھ درہم ہو گا۔ جبکہ اُم القوین کے لیے کرایہ 15 درہم سے بڑھا کر 17 درہم کر دیا گیا ہے۔ الرشیدیہ کے لیے کرایہ 10 کی بجائے 12 درہم ہوگا۔ جبکہ دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، القوز انڈسٹریل ایریا، مال آف دی ایمریٹس اور جبلِ علی کے لیے 15 درہم کا کرایہ بڑھا کر 17 درہم کر دیا گیا ہے۔ کرایوں میں اس اچانک اور غیر متوقع اضافوں پر شارجہ کے رہائشی ناخوش نظر آتے ہیں۔

ایک شامی باشندے مُنظیر ملکی نے کہا کہ ٹیکسی کرایوں میں حالیہ اضافے کے بعد میں نے بس سے جانا شروع کر دیا تھا، تاہم بس کے کرایوں میں اضافوں سے میری جیب پر بوجھ پڑے گا۔ اُمید ہے کہ حکام کرایوں میں اضافے کا یہ فیصلہ واپس لے لیں گے کیونکہ اس سے عوام کی ایک بڑی تعداد متاثر ہوتی ہے۔ ایک مصری باشندے حسن گُدا نے کہا کہ حالیہ اضافہ بہت زیادہ ہے۔ اگر یہ اضافہ 2، 3 درہم کی بجائے 50 فِلس یا اس سے کچھ زائد ہوتا تو پھر قابلِ قبول ہو جاتا۔