Live Updates

ملک میں سوئی گیس کے بحران پر وزیراعظم عمران خان کا نوٹس

وزیراعظم عمران خان نے سوئی ناردرن اور سدرن گیس کےبورڈز آف ڈائریکٹرزکو فوری ہٹانے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 12:44

ملک میں سوئی گیس کے بحران پر وزیراعظم عمران خان کا نوٹس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان نے سوئی گیس کے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن،سدرن گیس کے بورڈز آف ڈائریکٹرزکو فوری ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم نے گیس بحران کو نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا ، عوام کوکسی صورت تکلیف نہیں ہونی چاہئیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے ہمیں منتخب کیا ہے اور ہم عوام کی ترجمانی کے لیے ہی اقتدار میں آئے ہیں۔

گیس کامسئلہ سب سے بڑامسئلہ ہے، جسے ہم ہر صورت ختم کریں گے۔ یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں گیس بحران سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا تھا، جس میں وزیراعظم نے گیس کے بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے نا اہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا اور اس حوالے سے آئندہ 72 گھنٹوں میں رپورٹ بھی طلب کی تھی۔

(جاری ہے)

وزیرپیٹرولیم نے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کو گیس بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کی تحقیقات کے لیے چئیرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بنادی تھی اور کمیٹی کو سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ کراچی میں گذشتہ تین روز سے جاری گیس کا بحران مبینہ طور پر مصنوعی نکلا تھا ، ذرائع کے مطابق سندھ کی گیس پنجاب کو فراہم کرنے کا انکشاف ہوا تھا، پی پی ایل کے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ گمبٹ گیس فیلڈ میں کوئی خرابی نہیں ہے بلکہ گیس بحران کی اصل وجہ آر ایل این جی ٹرمینل میں خرابی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے صوبے بھر میں سی این جی سیکٹرکو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی تھی جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات