دُبئی: خاتون کو انٹرویو کے بہانے بُلا کر رقم اور زیور چھین لیا

ملزم نے خاتون سے زیادتی کی بھی کوشش کی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 دسمبر 2018 12:45

دُبئی: خاتون کو انٹرویو کے بہانے بُلا کر رقم اور زیور چھین لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13دسمبر2018ء ) بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ایک غیر مُلکی خاتون کو ملازمت کے بہانے ایک اپارٹمنٹ میں بُلا کر چار ہزار درہم کی نقد رقم اور 1800 درہم مالیت کا ایک ہار لُوٹ لیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ 27 ستمبر 2018ء کوپیش آنے والے اس واقعے کی رپورٹ متاثرہ خاتون نے بُر دُبئی پولیس میں درج کروا دی۔ خاتون نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ وقوعہ سے ایک روز قبل وہ ایک سُپر مارکیٹ میں شاپنگ کی غرض سے موجود تھی کہ 39 سالہ بنگلہ دیشی اُس کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ وہ ایک دُکاندار ہے جسے سامان کی فروخت کے لیے ایک ملازم کی ضرورت ہے۔

اگر میں اُس کے پاس کل آ کر انٹرویو دوں تو مجھے یہ نوکری حاصل کرنے کا موقع مِل سکتا ہے۔ تاہم اگلے دِن جب میں بتائے گئے ایڈریس پر پہنچی تو وہ ایک اپارٹمنٹ کا ایڈریس تھا جہاں دیگرمُلکوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی نوکری کی غرض سے موجود تھیں۔

(جاری ہے)

انٹرویو کے دوران اُس نے مجھے کہا کہ میں اُس کے پاس جسم فروشی کا دھندا کروں تو مجھے معقول آمدنی حاصل ہو گی۔ اُس کی یہ بات سُن کر مجھے شدید غصّہ آیا اور میں نے وہاں سے فوراً چلنے کی ٹھان لی۔ لیکن مجھے پتا چلا کہ دروازہ بند تھا۔ ملزم نے اچانک مجھے گردن سے دبوچ لیا اور مجھ سے میرا پرس اور گلے کا طلائی ہار چھین لیا اور وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 25 دسمبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔