کراچی، ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالے 178 شہری گرفتار

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ون وے کی خلاف ورزی پر 4031شہریوں کے چالان جبکہ7 لاکھروپے سے زائد جرمانہ کیا گیا، جاویدمہر

جمعرات 13 دسمبر 2018 13:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) کراچی میں مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے 178 شہریوں کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔کراچی میں مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی سواروں کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے حکم پر ٹریفک پولیس کی جانب سے دوسرے مرحلے کا سخت ایکشن جاری ہے ۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے مزید 178 شہریوں کو گرفتار کرکے انکی موٹرسائیکلیںضبط اور مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ون وے کی خلاف ورزی پر دفعہ 279 کے تحت 4031 شہریوں کے چالان، 7 لاکھ 17 ہزار 700 روپے جرمانہ کیا گیا۔ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کے مطابق بدھ کی صبح سے جمعرات کی صبح تک ضلع جنوبی میں 7، سٹی میں 35 سینٹرل میں 38 شہریوں کے خلاف ون وے کی خلاف ورزی کے مقدمہ درج کیے گئے۔

(جاری ہے)

ضلع شرقی میں 28، کورنگی 23، ویسٹ میں 35 اور ملیر میں 12 شہریوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے گئے۔جاوید مہر کے مطابق منگل کو کارروائیوں کے دوران 98 شہریوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرکے موٹرسائیکلیں ضبط کی جا رہی ہیں جنہیں اگلے روزعدالت سے ضمانت پر رہائی ملتی ہے۔