شہرقائدسمیت سندھ بھر میں پانچویں روزبھی سی این جی بند،

پبلک ٹرانسپورٹ ناپید ،عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعرات 13 دسمبر 2018 13:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) شہرقائدسمیت سندھ بھر میں جمعرات کو پانچویں روزبھی سی این جی بندرہی، جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ ناپیدہوگئی ،عوام کو شدید مشکلات کا سامنا۔شہر قائد میں سی این جی بند ہونے کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے اور شہریوں کو دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، بس سے سفر کرنے والے افراد نے ٹرانسپورٹ کے نظام کی ابتر صورتحال پر صوبائی حکومت کی خاموشی کو بے حسی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ فنی خرابی پر گمبٹ اور کنرپسا گیس فیلڈ سے گیس کم سپلائی ہورہی ہے، سسٹم میں پہلے سے گیس کم تھی اور فنی خرابی کی وجہ سے مزید کمی کا سامنا ہے۔ترجمان نے بتایاکہ ریگولر گیس ملنے پر سی این جی سیکٹر کو گیس فراہم کردیں گے تاہم اولین ترجیح گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ہے۔واضح رہے کہ سندھ میں سی این جی کی طویل بندش کا ریکارڈ ٹوٹ گیاہے، اس سے قبل کبھی اس طرح کی صورتحال درپیش نہیں آئی تھی۔