بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پاکستان کو کتنا نقصان ہوا؟

عالمی بینک نے پاکستان کو ہونے والے نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 13:04

بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پاکستان کو کتنا نقصان ہوا؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : پاکستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان حال ہیں ، بجلی کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے عوام کو آئے روز مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جہاں ایک طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ عوام کو پریشانی میں مبتلا کرتی ہے وہیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ملک کو بھی بھاری نقصان پہنچتا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ملک کو ہونے والے نقصان سے متعلق عالمی بینک نے ایک رپورٹ جاری کی ہے۔

عالمی بینک کے مطابق پانچ کروڑ پاکستانی بجلی سے محروم ہیں، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو 18 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا جبکہ عوام کے 12 ارب 90 کروڑ ڈالرز ضائع ہوئے۔ عالمی بینک نے پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق نئی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ جس کے مطابق21 کروڑ آبادی کے ملک میں نو کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو بجلی میسر ہے لیکن پانچ کروڑ پاکستانی بجلی سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی بینک کی اس رپورٹ کےمطابق بجلی بحران کی وجہ سے پاکستان کی معاشی شرح نمو سات فیصد کم ہورہی ہے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث پاکستان کو سالانہ 18 ارب ڈالرز کا نقصان ہورہا ہے اور عوام کے 12 ارب 90 کروڑ ڈالرز ضائع ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بجلی کا پیداواری اور ترسیلی نطام ناقص ہوچکا ہے، بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والی 14 فیصد گیس ضائع ہوجاتی ہے ایک تہائی بجلی لائن لاسز کی نظر ہوجاتی ہے۔

بجلی کے شعبہ میں اصلاحات سے کاروباری برادری کو8.4 ارب ڈالرزکے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے، بجلی کی مسلسل سپلائی پاکستان کی فی کس آمدن میں 35 فیصد اضافہ کرسکتی ہے۔ عالمی بینک کی اس رپورٹ کے بعد معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور عدم فراہمی کے معاملے پر قابو پانے کے لیے جلد از جلد ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ ملکی معیشت کو مستقبل میں مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔