ووٹ کا اندراج اور منتقلی قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر

کمیشن کی ویب سائیٹ سے حاصل کیا گیا فارم پر کر کے بمعہ شناختی کارڈ کی کاپی متعلقہ دفتر رجسٹریشن جمع کروایا جائے

جمعرات 13 دسمبر 2018 13:42

ووٹ کا اندراج اور منتقلی قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کے اندراج اور منتقلی قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلہ میں ووٹرز کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ 31 دسمبر تک اپنے ووٹ کا اندراج کروا لیں۔ یہ بات ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہری پور محمد اسحق خان مروت اور الیکشن آفیسر زین العابدین شاہ نے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی۔

اجلاس میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر فضل محمود خان، پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ذوالفقار قریشی سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 27 کے مطابق اب ووٹ کا اندراج یا منتقلی صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کی جائے گی، صرف سرکاری ملازم اور ان کے اہل خانہ اپنے ووٹ کا اندراج یا منتقلی ایسے پتہ پر بھی کروا سکتے ہیں جہاں پر انہوں نے ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کر رکھی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگر ووٹرز کو بذریعہ نوٹس مطلع کیا جاتا ہے کہ اگر ان کے ووٹ مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی پتہ پر رجسٹرڈ ہیں تو وہ 31 دسمبر سے تک اپنا ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر منتقل کروا لیں اس کیلئے فارم نمبر21 الیکشن کمیشن کے ضلعی آفس یا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ www.ecp.gov.pk سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ فارم پر کر کے بمعہ شناختی کارڈ کی کاپی متعلقہ دفتر رجسٹریشن جمع کروائیں، الیکشن رولز کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار خود جمع کروائے گا یا پھر اختیار نامہ کے ساتھ اس کا والد، والدہ، خاوند، بیوی، بیٹے یا بیٹی بھی جمع کروا سکتے ہیں۔

الیکشن ایکٹ کے تحت 31 دسمبر تک جن کے ووٹ کا اندراج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق نہیں ہو گا تو ایسے ووٹ غیر موثر ہوں گے اور الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 37، 40 اور 41 کی روشنی میں شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر درج کر دیا جائے گا۔ ووٹرز اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔