جاپان نے پاکستانی طلبا کے لیے سو فیصد اسکالرشپ کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 13:27

جاپان نے پاکستانی طلبا کے لیے سو فیصد اسکالرشپ کا اعلان کر دیا
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : جاپان نے پاکستانی طلبا کے لیے سو فیصد اسکالر شپ پروگرام کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جاپان کے انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (جے آئی سی سی ) نے پاکستان کی وفاقی حکومت کے افسران کے لیے جاپانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے سو فیصد اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اسکالر شپ جاپانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند بیس افسران کو دی جائے گی۔

یہ تمام اسکالر شپس ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ اسکالر شپ (جے ڈی ایس) کے پراجیکٹ کے تحت دی جائیں گی۔ ان اسکالر شپس کو جاپانی حکومت کی امداد کے تحت فراہم کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت 18 افسران کو ماسٹرز کی دو سالہ ڈگری اور ڈاکٹریٹ کی تین سالہ ڈگری حاصل کرنے کا موقع ملے گا جبکہ اس کے لیے پاکستان کے وفاقی افسران کا انتخاب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ سو فیصد اسکالر شپ پروگرام آئندہ برس موسم گرما میں شروع ہو گا۔

جاپان کے انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (جے آئی سی سی ) نے اس پروگرام پر وزارت منصوبہ بندی اور ڈیویلپمنٹ سمیت حکومت پاکستان کو بریفنگ بھی دی۔ اس سیمینار میں جاپان کے انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (جے آئی سی سی ) کے نمائندہ ٹاکویا سی نے اس پروگرام کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور اس میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اس پروگرام کا حصہ بننے والے افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کے لیے ایک سنہری موقع ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جرمنی نے پاکستانی شہریوں کو نوکریاں دینے کا اعلان کیاتھا۔ جرمنی کی وزارت داخلہ نے پاکستان کی حکومت کے نام ایک خط لکھا جس میں ملک کے لیے تجربہ کار اور پیشہ ورانہ لیبر فراہم کرنے کے لیے منصونہ بندی کرنے کی درخواست کی۔جرمنی کی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ جرمنی کی وزارت داخلہ کے یورپ ونگ نے پاکستانی حکام کو ایک خط لکھا جس میں ہنر مندر مزدوروں کی فراہمی کی درخواست کی گئی۔ اس خط میں مخصوص شعبوں کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جن میں جرمنی کو مزدور درکار ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق جرمنی نے پاکستان سے 3 ملین ہنر مند مزدوروں کی فراہمی کی درخواست کی ہے جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین اور کئی انجینئیرز بھی شامل ہوں گے۔