سانحہ اے پی سی پشاور کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

16دسمبر کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی دن قرار دیا جائے ‘رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کا مطالبہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 13:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ۔قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

(جاری ہے)

جس کے متن میں کہا گیا کہ 16دسمبر 2014ء کو آرمی پبلک سکول پشاور پر سفاک دہشت گردوں نے حملہ کر کے معصوم بچوں کو قتل کیا،16دسمبر 2018کو اس دہشت گردی کے اس واقعہ کو چار سال مکمل ہو جائیں گے۔

لیکن آج بھی پوری قوم دکھ اور غم میں مبتلا ہے،یہ ایوان معصوم بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور شہدا کوخراج تحسین پیش کرتا ہے ۔دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والے سکیورٹی اداروں کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ 16دسمبر کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی دن قرار دیا جائے ۔