بحرین کی شہزادی شیخہ نُورا انتقال کر گئیں

مرحومہ شہزادی کا شمار مملکت کی ممتاز کاروباری شخصیات میں بھی ہوتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 دسمبر 2018 14:09

بحرین کی شہزادی شیخہ نُورا انتقال کر گئیں
منامہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13دسمبر2018ء ) بحرین کی شہزادی اور معروف کاروباری خاتون شیخہ نُورا بنت عیسیٰ بِن سلمان الخلیفہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔ اُن کی وفات کی خبر پر مملکت کے عوام سوگوار ہو گئے۔ دُنیا بھر سے سوگوار شاہی خاندان کے نام تعزیتی پیغامات آ رہے ہیں۔ شیخہ نُورا بنت عیسیٰ، بحرین کے فرمانروا حماد بِن عیسیٰ کی بہن تھیں۔

متحدہ عرب امارات کے فرمانروا عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی جانب سے بھی بحرینی فرمانروا کے نام ایک تعزیتی پیغام بھیجا گیا ہے جس میں شیخہ نُورا کے وفات پر اُن سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دُبئی کے حکمران اور امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم، ابو ظہبی کے ولی عہداور امارات کی مسلح فوج کے سُپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی بحرین کے حاکمِ اعلیٰ کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔

(جاری ہے)

تعزیتی پیغامات بھیجنے والوں میں شارجہ کے حکمران اور سُپریم کونسل کے رُکن شیخ سعود بن راشد ال مُعلّیٰ، راس الخیمہ کے فرمانروا اور سُپریم کونسل کے ممبر شیخ سعود بن سقر القاسمی، اور عجمان کے فرمانروا اور ممبر سُپریم کونسل حُمید بن راشد الُنعیمی بھی شامل ہیں۔شیخہ نُورا 1987ء میں بحرین کے شہر رفاہ میں پیدا ہوئیں۔ اُن کی کاروباری کامیابیوں کے اعتراف میں اُنہیں کئی بار اعلیٰ ترین کاروباری ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا گیا۔