ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ کرنے کا حکم جاری

لاہور ہائیکورٹ نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں پوائنٹ سسٹم شامل کرنے سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 14:10

ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ کرنے کا حکم جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : ٹریفک نظام میں اصلاحات لانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے ایک اور فیصلہ کر لیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں پوائنٹ سسٹم شامل کرنے سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں شہریوں کو ٹریفک سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ نئے ڈرائیونگ لائسنس میں پوائنٹس شامل کئے جائیں گے ۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے پوائنٹس کم ہونے سے لائسنس منسوخ کیا جا سکے گا، اس سلسلے میں عدالت نے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں پوائنٹ سے متعلق قائم کمیٹی سے عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

عدالت نے بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سڑکوں پر اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔ عدالت نے سیف سٹی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو کو 17 دسمبر کو جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کو ملتوی کر دیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یورپی ممالک سمیت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی ڈرائیونگ لائسنس پر پوائنٹ سسٹم لاگو ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک بھر میں ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان اقدامات میں ہیلمٹ کی پابندی، ڈرائیونگ لائسنس کی چیکنگ اور گاڑیوں کو اصل مالک کے نام پر منتقل کروانا شامل ہیں۔ لاہور سمیت ملک بھر میں شہریوں کو ٹریفک قوانین کی آگاہی دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔