پاک ایران مشترکہ سرحدی کمیشن کا اکنامک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

چاغی، واشک، پنجگور ،تربت اور گوادر میں مشترکہ ٹیکس فری مارکیٹیں بنانے پر اتفاق انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کا لائحہ عمل طے کر لیا گیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 14:20

چاغی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) پاک ایران مشترکہ سرحدی کمیشن کے 22ویں اجلاس میں اکنامک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت چاغی، واشک، پنجگور ،تربت اور گوادر میں مشترکہ ٹیکس فری مارکیٹیں بنائی جائیں گی تاکہ سرحدی اضلاع کے مکین دو طرفہ تجارت سے استفادہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

کمشنر رخشان ڈویڑن نصیر احمد ناصر کے مطابق ایرانی شہر زاہدان میں منعقد ہونے والے پاک ایران مشترکہ سرحدی کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیف سیکرٹری بلوچستان اخترنذیر جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر محمد ہادی مراشی کررہے تھے،اجلاس میں پاکستانی وفد نے سرحدی خلاف ورزی پر ایرانی حکام سے شدید احتجاج کیا اور آئندہ ایسے واقعات کی تدارک پر زور دیا، اجلاس میں شریک حکام کے مطابق اجلاس میں پاک ایران سرحد پر دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کرکے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی لائحہ عمل طے کرلیا گیا، پاکستانی وفد نے موقف اختیار کیا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ مکمل ہونے پر منشیات و انسانی اسمگلنگ میں کمی آئے گی، اجلاس میں پاک ایران دوستی کی لاج رکھتے ہوئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔