سندھ ہائی کورٹ نے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر صوبائی سیکرٹری داخلہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 14:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کیس میں عدالت کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر صوبائی سیکرٹری داخلہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیاہے۔عدالت نے حکومت کولاپتا شہریوں کو بازیاب کرا کر 6 فروری کو رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ میں 70سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے پولیس رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی ٹاسک فورس(پی ٹی ایف)اور جے آئی ٹی رپورٹس کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔عدالت نے سیکرٹری داخلہ سندھ، سربراہ جے آئی ٹی اور پی ٹی ایف کو ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا۔جسٹس نعمت اللہ پھلھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ پولیس ہمیشہ روایتی رپورٹس پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس رپورٹ کے مطابق لاپتا شہری شعیب غفران ڈیرہ غازی خان میں پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

اس پر جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی ایف نے تو رپورٹ میں کہا ہے کہ شعیب غفران کا سراغ نہیں ملا۔جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ 300افراد لاپتا ہیں اور صوبائی ٹاسک فورس اور جے آئی ٹی عدالت کو حقائق سے آگاہ ہی نہیں کرتی۔جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹونے کہاکہ جے آئی ٹی اور پی ٹی ایف کے درجنوں اجلاس کے بعد بھی زیرو کارکردگی ہے۔عدالت نے ڈیرہ غازی خان میں مبینہ مقابلے کی تحقیقات وفاقی وزارت داخلہ کے سپرد کردی اور وسیم خان سمیت دیگر لاپتا شہریوں سے متعلق ایف آئی اے سے ٹریول ہسٹری بھی طلب کرلی۔