نجی سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کے لیے خوشخبری

سپریم کورٹ کا تمام بڑے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کا حکم، چیف جسٹس نے تمام سکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس واپس کرنے کا حکم دے دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 13 دسمبر 2018 14:26

نجی سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کے لیے خوشخبری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے تمام بڑے نجی تعلیمی اداروں کو فیس میں 20فیصد کمی کرنے کا حکم دے دیا۔میڈیا رپوٹس میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے نجی اسکولوں کی زائد فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔کیس کی سماعت کے سلسلے میں نجی اسکولوں کے وکیل،ڈپٹی آڈیٹر جنرل اور چئیرمین ایف بی آر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

دوران سماعت چیف جسٹس میں ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ عدالت ہائی کورٹس کے فیصلوں کی پابند نہیں۔آگاہ کیا جائے فیس میں خاطر خواہ کمی کیسے ہوگی۔عدالت خود فیصلے کرے گی کہ فیس میں مناسب کمی کتنی ہو گی۔اس موقع پر نجی سکول بیکن ہاؤس کے وکیل نے کہا کہ ہر اسکول کی فیس سالانہ اضافہ مخلتف ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے سابق وزیر تعلیم نے سالانہ 10فیصد اضافے کا قانون بنانے کا کہا اور رانا مشہود اسمبلی میں صرف 8فیصد کی منظوری لے سکے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ لگتا ہے سابق وزیر تعلیم کا اپنا بھی کوئی اسکول ہو گا۔ایک ایک کمرے کے سکول نے اتنا پیسہ بنایا اور اب یہ صنعت کار بن گئے ہیں۔کیس کی سماعت کے دوران نجی اسکول کی وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ تمام اسکول 8 فیصد فیس کم کرنے کو تیار ہیں۔اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ 8 فیصد رو اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر والی بات ہے۔

چیف جسٹس نے کہا 20 سال کا آڈٹ کرایا تو نتائج بہت مخلتف ہوں گے جب کہ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا سکولوں نے اپنی آڈٹ رپورٹس میں غلط اعداد دئیے۔انہوں نے کہا کہ اگر 8فیصد فیس ہر سال بڑھائی جائے تو چار سالوں میں 32فیصد بڑھ جاتی ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم دیا کہ ملک کے ایسے اسکول جو 5ہزار روہے سے زائد فیس وصول کر رہے ہیں وہ اپنی فیسوں میں 20فیصد تک کمی کریں گے۔ چیف جسٹس نے تمام سکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس واپس کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ سکول مالکان فیس میم سالانہ 5 فیصد اضافہ کر سکیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی۔