ٹوائلٹ نہ بنوانے پر 7 سالہ بچی نے والد کو گرفتار کرنے کی درخواست دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 14:26

ٹوائلٹ نہ بنوانے پر 7 سالہ بچی نے والد کو گرفتار کرنے کی درخواست دے دی
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : بھارت میں ٹوائلٹ نہ ہونے کا مسئلہ بہت زیادہ زور پکڑ گیا ہے۔ ایسے میں کئی خواتین بالخصوص نوجوان لڑکیوں کو گھروں میں باتھ روم نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے بھارت میں کئی مرتبہ آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا جس سے کئی لوگوں میں باتھ روم کے حوالے سے شعور پیدا ہوا لیکن ابھی بھی بھارت کے کئی ایسے علاقے ہیں جہاں باتھ روم کا کوئی تصور نہیں ہے۔

حال ہی میں بھارت کی رہائشی ایک 7 سالہ بچی نے باتھ روم نہ بنوانے پر اپنے والد کے خلاف شکایت درج کروائی اور والد کی گرفتاری کی درخواست دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 7 سالہ بچی نے والد کے خلاف پولیس سے رجوع کیا اور بتایا کہ اس کے والد نے باتھ روم بنوانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وعدہ پورا نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کی 7 سالہ بچی نے اپنی شکایت میں والد کو گرفتار کرنے کی درخواست بھی کی۔

پولیس نے بتایا کہ 7 سالہ حنیفہ زارا کو گھر سے باہر رفع حاجت کے لیے جانا مناسب نہیں لگتا تھا جس پر اس نے اپنے والد سے گھر کے اندر ہی باتھ روم بنوانے کا وعدہ لیا لیکن حنیفہ کے والد نے بیٹی سے کیا وعدہ پورا نہیں کیا۔ بھارتی شہر چنائی سے 100 کلو میٹر دور رہنے والی حنیفہ نے پولیس کو بذریعہ ٹیلی فون اپنی شکایت درج کروائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ والد کی وعدہ خلافی کی وجہ سے بچی کافی مایوس تھی، اُسے لگا اسے دھوکہ دیا گیا ہے۔

ہم نے بچی اور اس کے والد کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور ان دونوں میں صلح کروائی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بچی کے والد نے میونسپلٹی سے باتھ روم بنوانے کے لیے مدد کی اپیل کی تھی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے پانچ سالوں میں 100 ملین ٹوائلٹ بنوانے کی مہم کا آغاز کیا تھا لیکن اس میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔