آئی جی پولیس پنجاب کی کرسمس کی تقریبات کے سلسلہ میں مسیحیوں کی عبادت گاہوں اور ان کے تفریحی مقامات کی فول پروف سکیورٹی کے احکامات کی ہدایت

جمعرات 13 دسمبر 2018 14:50

فیصل آباد۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کرسمس کی تقریبات کے سلسلہ میں مسیحیوں کی عبادت گاہوں ، چرچز اور ان کے تفریحی مقامات کی فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ اس ضمن میںتمام ڈویژنز کے انتظامی و پو․لیس حکام ، ریجنل پولیس آفیسرز، کمشنر ز ، رینج ڈی آئی جیز ،سٹی پولیس آفیسرز ، ڈی سیز ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور دیگر حکام کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ جس طرح رمضان المبارک اور محرم الحرام میں سکیورٹی کے فول پر وف انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا اسی طرح 25دسمبر کو بھی تمام شہروں میں بالعموم اور بڑے و حساس شہروں میں بالخصوص کرسمس کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور مسیحی بھائیوں کو اپنی رسومات و عبادات کی پرسکون ماحول میں سر انجام دہی کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جائیں۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل پولیس کے ترجمان نے بتا یا کہ چرچز سمیت مسیحیوں کی دیگر عبادت گاہوں اور ان کے تفریحی مقامات اور میلوں کے انعقاد کی جگہوں پر مطلوبہ تعداد میں پولیس کے باوردی اہلکار تعینات کئے جائیں گے اور حساس چرچز کے قریب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت ان کی مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائیگی۔انہوںنے بتا یا کہ چرچز کے گرد و نواح میں سادہ کپڑوں میں ملبوس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے تاکہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔

انہوں نے بتا یا کہ تمام اضلاع کے ضلعی انتظامی و پولیس حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ چرچز کے منتظمین سے ملاقات کر کے ان کی مشاورت سے فول پر وف سکیورٹی پلان پر عملدر آمد یقینی بنائیں تاکہ تمام تر حفاظتی و تدارکی اقدامات کو مکمل رکھا جا سکے۔ انہوںنے بتا یا کہ مذکورہ حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کوئی غفلت ، کوتاہی یا لا پرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔