جموں و کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ،ْشاہ محمود قریشی

جمعرات 13 دسمبر 2018 15:17

جموں و کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ،ْشاہ محمود قریشی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ جموں و کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ،ْمسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اہم قراردادیں موجود ہیں جن پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ جمعرات کو کشمیر امریکن کونسل کے چار رکنی وفد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے کشمیری تارکین وطن کی کاوشوں کو سراہا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جموں و کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی اداروں کی طرف سے بنائے گئے غیر جانبدار کمیشنز نے ھندوستان کی کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا پردہ فاش کر دیا ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اہم قراردادیں موجود ہیں جن پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے جس کا منصفانہ قابل قبول حل، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے ۔اراکین وفد نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اٹھانے اور اس مسئلہ کے مستقل حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنے پر موجودہ حکومت اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔